Lahore

6/recent/ticker-posts

لاہور کچرا کنڈی بن گیا

مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت دس سال تک لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے اور وعدے کرنے کے بعد دو اَدوارِ اقتدار کے مزے لوٹ کر منظر سے غائب ہے اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آدھے ادھورے پیرس کو صاف ستھرا رکھنے میں بھی ناکام نظر آ رہی ہے۔ کراچی کے بعد اب لاہور کچرا کنڈی کا منظر پیش کرتا نظر آتا ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے شہر کوڑے دان میں بدل چکا ہے۔ اِس گندگی اور کچرے سے اُٹھنے والے بدبو کے بھبھکوں نے شہریوں کو ایک مصیبت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ کوڑے کی وجہ سے چاروں طرف پھیلے تعفن سے امراض میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ 

ایل ڈبلیو ایم سی نے کچرا اٹھانے کا ٹھیکہ دو نجی کمپنیوں کو دے رکھا ہے لیکن اُن کمپنیوں کے ملازمین گزشتہ چھ ماہ کی تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے احتجاجاً ہڑتال پر ہیں۔ سیکریٹری بلدیات پنجاب، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور اِس حوالے سے خاموش ہیں، اگر اعلیٰ حکام اِسی خاموشی کا مظاہرہ کرتے رہے تو روشنیوں کے شہر کراچی کے بعد باغوں کا شہر لاہور بھی مستقل طور پر کچرا کنڈی بن جائے گا۔ شہر لاہور اور اِس کے عوام کی یہ حالت اربابِ اختیار اور متعلقہ محکموں کی جانب سے ذمہ داری دوسروں کے کاندھوں پر ڈال کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کی غماز ہے۔ 

وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ نے شہر کی حالت کو مزید ابتر بنا دیا ہے، جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے بلکہ شہر میں جا بجا پھیلی گندگی کی وجہ سے مہلک امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ ضروری ہے کہ متعلقہ حکام جلد از جلد خاکروبوں کے ساتھ معاملات طے کریں تاکہ لاہور شہر اور شہریوں کو گندگی اور تعفن سے بچایا جا سکے۔ اس حوالے سے عوام میں شعور و آگہی پھیلانے کی بھی اشد ضرورت ہے، ہمارے شہروں کی حالت تبھی بہتر ہو گی جب عوام اور ادارے مل کر کام کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments