Lahore

6/recent/ticker-posts

لاہور کہاں کہاں آباد ہے ؟

لاہور پاکستان کا دل کہلاتا ہے۔ اسے باغوں اور ’ کھاجوں‘ کا شہر بھی کہتے ہیں۔تیرہ دروازوں والے اس شہرمیں کبھی تانگے اورسائیکل چلتے تھے ، اب میٹرو بس چلتی ہے۔ تنگ و تاریک گلیوں اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی جگہ چمکتے دمکتے فلائی اوورز اور انڈرپاسز کا جال بچھا ہے۔ جلد ہی اورنج ٹرین بھی چلنے والی ہے۔ لاہور کی تاریخی حیثیت مسلمہ ہےجو عراق کے شہر اربیل اورشام کے شہر دمشق کی طرح اپنی ابتداء سے آج تک زندہ اور پایندہ ہے۔ ایران کے شہر اصفہان کو نصف جہان کہا جاتا ہے لیکن یہ ضرب المثل بھی مشہور ہے کہ  اصفہان اور شیراز‘ دونوں مل کر بھی خوبصورتی میں لاہور کے برابر نہیں۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ لاہور، لاہور سے نکل کر اِدھر اُدھر بھی گھومتا پھرا ہے اور کہیں کہیں مستقل آباد بھی ہوا ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں لاہور نام کی آبادیاں لاہور کے علاوہ کہاں کہاں موجود ہیں۔

نیا لاہور
نیا لاہور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی گوجرہ تحصیل میں واقع ایک قصبہ ہے۔ اسے نواں لاہور بھی کہتے ہیں۔ جیسے ممبئی کے ساتھ آباد ہونے والا نیا شہر نویں ممبئی کہلاتا ہے۔ نواں لاہورپنجاب کے دو بڑے شہروں جھنگ کے مغرب اورفیصل آباد کے مشرق میں پڑتا ہے۔ لاہور اور نیا لاہور کا فاصلہ 212 کلومیٹر ہے۔ پرانے زمانے میں یہ شہر جھنگ اور لائلپور کےتجارتی راستے میں ایک پڑائو کے طور آباد ہوا تھا۔ دو سال قبل اس کی آبادی 19500 نفوس پر مشتمل تھی۔

چھوٹالاہور، صوابی
ایک اور لاہور صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں واقع ہے۔ اسے چھوٹا لاہور بھی کہا جاتا ہے۔ دریائے سندھ کے مغربی کنارے پر آباد اس شہر کی کل آبادی 35000 ہے۔ اس شہر کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ کہتے ہیں سکندراعظم نے اسی شہر کے راستے دریائے سندھ عبور کرنے کی کوشش کی تھی اور اسے لاہور کے باشندوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اپنی تاریخ ، تہذیب ثقافت اور روایات کے اعتبار سے یہ شہر پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے زیادہ ثروت مند تصور کیا جاتا ہے۔ زمانہ ء قدیم میں اس کا نام سلاتورا تھا۔ شہید بابا اور ان کے خاندان کا تعلق بھی اسی شہر سے تھا۔ بابا اور اس کے گیارہ بھائی برطانوی سامراج کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ شہید بابا اور ان کے ایک بھائی کی قبر لاہور ہی میں آسودہ ء خاک ہیں۔ شہید بابا کا مزار محلہ طائوس خوانی میں واقع ہے۔

تحصیل لاہور
خیبرپختونخوا کی سترہ یونین کونسلوں پر مشتمل تحصیل لاہورکی سرحدیں نوشہرہ، اٹک اور صوابی اضلاع سے ملتی ہیں۔ جبکہ گائوں لاہور کی اپنی دو یونین کونسلیں ہیں جو لاہور غربی اور لاہور شرقی کے نام سے جانی جاتی ہیں۔لاہور نام کا ایک گائوں قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں بھی واقع ہے۔

لاہور، ورجینیا، امریکا
امریکی ریاست ورجینیا کی اورنج کائونٹی میں واقع اس چھوٹے سے شہر کی کہانی بڑی دلچسپ ہے۔ یہ لاہور پاکستان سے اُٹھ کر امریکا نہیں گیا بلکہ اس کا نام 1850ء کی دہائی میں اُس وقت رکھا گیا جب ہندوستان میں جنگ ِآزادی کا آغاز ہو گیا تھا۔ انگریزوں کے خلاف پنجاب کے لوگوں کی جدوجہد کی وجہ سےلاہور کا نام خبروں میں رہتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ ورجینیا میں لاہور شہر کی بنیاد رکھنے والی جیکسن فیملی نے اس وقت ایک کتاب سے لاہور نام کا انتخاب کیا تھا۔

پاکستانی بزنس میں نورنغمی امریکی لاہور کو بھی اونچے برجوں والے لاہورکی شکل و شباہت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے 2007ء میں تین ملین ڈالرز کی لاگت سے وہاں 235 ایکڑ زمین خریدی تھی۔ وہ چاہتے تھے کہ ورجینیا کے لاہور کو بالکل لاہوری اسٹائل میں ایشیائی باشندوں کے لیے ایک سیاحتی مرکز میں تبدیل کر دیا جائے۔ جہاں شالیمار باغ جیسا اک باغ ہو۔ ایک کتب خانہ ہو اور ایک عجائب گھر ہو جس میں لاہور اور پاکستان کے سارے رنگ بکھرے پڑے ہوں۔ خالص لاہوری ناشتے کا اہتمام ہو۔ چھولے کلچے ہوں، سری پائے ہوں ںاور ٹھنڈی ٹھار لسی ہو جسے گورے بھی دیکھیں تو بے ساختہ کہہ اُٹھیں۔ لاہور، لاہور ہے۔ جس نے لاہور نہیں دیکھا، وہ پیدا ہی نہیں ہوا۔

فاضل جمیلی
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments