Lahore

6/recent/ticker-posts

لاہور میں گمنام سمادھ

لاہور شہر سے کوئی بائیس کلو میٹر دور برکی گاؤں سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر کوریاں گاؤں آتا ہے ۔ کوریاں گاؤں میں تاریخی حیثیت کی یہ سمادھ بر لب سڑک واقع ہے ۔ یہ سمادھ ایک چھوٹے کمرے پر مشتمل ہے جس کا سائز 10x10 ہو گا ۔ یہ سمادھ نانک شاہی اینٹوں سے تعمیر کی گئی ہے ۔ جس کے اندر خوبصورت پینٹنگز بنائی گئیں ہیں ۔ فریسکو پینٹنگز کا عام رواج پایا جاتا تھا جو کہ اُن دنوں میں سکھوں کی مذہبی عمارات میں بنائی جاتی تھیں ۔ ان میں مختلف مناظر کو محفوظ کیا گیا ہے اندرونی جانب خصوصا سکھ مذہب کے گُرو صاحبان کی شبیہات بنائی گئیں ہیں جو آج اتنا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی تازہ معلوم ہوتی ہیں ۔ 

بیرونی جانب پہلوانوں کی کُشتی کے مناظر ، شکار کرتے ہوئے مناظر ، پرندوںاور جانوروں کی شکلیں بھی بنائی گئیں ہیں ۔ یہ چھوٹا کمرہ نما عمارت ایک چھوٹے سے خوبصورت گنبد پر مشتمل ہے ۔ نیچے سے یہ عمارت چوکور کمرہ نما ہے جس کے وسط میں گنبد تعمیر کیا گیا ہے ۔ گنبد کے اندرونی حصے پر مختلف پھول بُوٹے بنائے گئے ہیں ۔ باوجود کوشش کے ابھی اس کی تاریخ معلوم نہیں ہو سکی اس پر مزید تحقیق ابھی جاری ہے ۔ لیکن غالب امکان یہی ہے کہ یہ اس گاؤں میں رہنے والے کسی رئیس سکھ کی ہو گی ۔ لیکن ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا ۔ سال 2014 ء میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں یہ عمارت بری طرح خراب ہوئی ۔ 

باقی کسر ایک رات میں سڑک سے گزرنے والی اینٹوں کی ٹرالی نے پوری کر دی ڈرائیور کی لاپروائی کے نتیجے میں ٹرالی کا پچھلا حصہ گزرتے ہوئے اس عمارت کو لگا جس کی وجہ سے عمارت کا آدھا حصہ زمین بوس ہو گیا ۔ رات کے اندھیرے میں ڈرائیور فرار ہو گیا ۔ یہ بات اس عمارت کے قریب رہنے والے ایک بزرگ نے بتائی ۔ اس کمرہ نما تاریخی عمارت کے بالکل ساتھ ہی نیچے جگہ کھیت معلوم ہوتی ہے۔ یہ سڑک سے چند فٹ نیچے ہے ۔ لیکن دراصل یہ اس سمادھ سے متصل ایک بڑا تالاب تھا جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ خشک ہو گیا ۔ یہ عمارت اسی قطعہ سے منسلک ہے ۔ اس عمارت کی بنیادیں ننگی ہو چکی ہیں جس سے روز بروز اینٹیں گرتی جا رہیں ہیں ۔ اب حالت یہ ہے یہ تاریخی اور نایاب عمارت اپنے وجود کی بھیک مانگتی نظر آرہی ہے ۔ اس عمارت کو ہنگامی طور پر بچانے کی ضرورت ہے۔ اگر اس تاریخی ورثے کی حامل عمارت کو نہ بچایا گیا تو یہ عمارت چند دنوں کی مہمان ہے ۔

سید فیضان عباس نقوی


 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments