Lahore

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

مال روڈ پر میرا اور آپ کا خون

پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اپنی منحوس جڑیں پھیلا چکی ہے۔ دہشت
گردی کا ایک اور افسوسناک واقعہ گزشتہ روز مال روڈ پر پیش آیا۔ اس انتہائی بہیمانہ کارروائی کے نتیجے میں اعلیٰ پولیس افسران ،جوان اور بے گناہ شہری موت کے گھاٹ اتر گئے۔ بہت سے شدید زخمی ہیں ۔ اس واقعہ پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ یہ زخم محض چند خاندانوں کا درد نہیں، بلکہ پوری قوم کے دل زخمی ہیں۔پاکستان کے حکمران معلوم نہیں کس حکمت و مصلحت کے تحت ایسے مواقع پر محض روایتی بیانات جاری کر کے یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا فرض ادا ہو گیا ہے۔ حکمرانوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنی رعایا کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت کریں۔ دہشت گرد کسی رو رعایت کے مستحق نہیں ۔ اُن کو قانون کے مطابق سزا دینا بے گناہ لوگوں کے تحفظ کے لئے ضروری ہے۔

ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے پیچھے شاطر بنیا جو کُھل کھیل رہا ہے، اسے پوری دنیا کے سامنے کون بے نقاب کرے گا۔ کیا یہ حکمرانوں کی ذمہ داری نہیں ہے؟ بھارت کی بدمعاشی تمام حدود سے تجاوز کرچکی ہے ۔ بھارتی حکمران دہشت گردی کرنے کے بعد مطمئن ہو جاتے ہیں کہ ان کا کوئی ایجنٹ طے شدہ پروگرام کے مطابق جھوٹ، سچ ذمہ داری قبول کر کے ان کو ہر الزام سے بری الذمہ قرار دے دے گا۔ پاکستان کے حکمرانوں کو اپنے نیٹ ورک کو اس طرح منظم کرنا چاہیے کہ یہ واقعات کنٹرول کئے جا سکیں اور اگر خدانخواستہ کسی جگہ ایسا واقعہ رونما ہو جائے تو اس کے اصل کرداروں کونہ صرف پکڑا جائے، بلکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی اہتمام ہو۔
بھارت میں اگر کسی موٹر سائیکل کی زد میں آکر کوئی کتا زخمی ہوجائے یا بلی ماری جائے تو بھارتی حکومت فوراً اس کا الزام پاکستان پر لگاتی اور پھر عالمی سطح پر اس قدر پروپیگنڈہ کرتی ہے کہ جھوٹ کو سچ منوا کر چھوڑتی ہے۔ اس کے برعکس پاکستان کا معاملہ یہ ہے کہ یہاں کھلم کھلا بھارتی مداخلت اور پاکستان کے طول و عرض میں بھارتی ایجنٹ شب و روز وحشیانہ کھیل کھیلتے ہیں، مگر ہم دنیا کو یہ باور کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکے کہ ہمارا ازلی دشمن ہماری سالمیت کو پارا پارا کرنے کے درپے ہے۔ الٹی گنگا بہہ رہی ہے اور چور چوری اور سینہ زوری کامسلسل ارتکاب کر رہا ہے۔

عالمی سطح پر امریکہ پہلے بھی بھارت کی پیٹھ ٹھونکتا تھا، مگر ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد تو دو شیطان، ٹرمپ اور مودی ایک دوسرے کے حلیف اور شریک کار بن گئے ہیں۔ ان کے پیش نظر اُمت مسلمہ کی تباہی ہے۔ لاہور کے اس واقعہ کے پیچھے بھارتی سازش صاف نظر آتی ہے۔ لاہور میں پی ایس ایل (پاکستان سپرلیگ ) کا فائنل میچ طے ہوجانے پر بھارت میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ بھارت یہ فیصلہ ہونے کے ساتھ ہی اسے سبوتاژ کرنے کے لئے سرگرم عمل ہو گیا۔ بھارت کے کھلے کھلے ایجنٹ تخریبی کارروائیوں کے نتیجے میں بارہا پکڑے گئے عدالتوں سے انہیں قانون کے مطابق سزائیں بھی ملیں، لیکن بے حس پاکستانی حکمرانوں نے وقتاً فوقتاً ان وطن دشمنوں کو رہا کر کے بھارت کو خیرسگالی کے تحفے پیش کئے۔ کلبھوشن یادیو کا کیس اتنا واضح ہے کہ اس کے بعد بھارت کے پاس کوئی عذرِ لنگ بھی نہیں ہے کہ وہ پاکستان کو کٹہرے میں کھڑا کر سکے، لیکن وہ اس لئے جری ہے کہ مدّمقابل اپنے کیس کو سلیقے کے ساتھ پیش کرنے میں ناکام ہے۔

اس دھماکے کے پس منظر میں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ خود حکومتی ایجنسیوں نے تخریب کاری کے خدشات کااظہار چند ہفتے قبل کر دیا تھا۔ پھر ایسے موقع پر ہمارا اتنا بڑا حفاظتی سیٹ اپ کیوں ناکام  ہو گیا۔ بھارتی دہشت گردی کی کئی سمتیں ہیں۔ وہ ہمارے دریاؤں کا پانی انتہائی ڈھٹائی اور غنڈہ گردی کے ساتھ بند کر رہا ہے۔ کشمیر میں تمام بنیادی انسانی حقوق کو بری طرح پامال کر چکا ہے۔ انسانی تاریخ کی اس بدترین درندگی کے باوجود الٹا بھارت ہی پوری ڈھٹائی کے ساتھ پاکستان پر الزامات لگاتا ہے۔ جماعت الدعوۃ ، کالعدم لشکر طیبہ کا تسلسل ہے ، لیکن لشکر طیبہ کب کا ختم ہو چکا ہے۔ اب جماعت الدعوۃ ایک غیر سیاسی ،دینی اور فلاحی تنظیم ہے۔ اس کی جدوجہد کا میدان فلاحی خدمات اور مظلوم کشمیری عوام کی حمایت ہے۔

کشمیر کی حمایت کرنا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں پاکستانی حکومت اور عوام کا فرض ہے۔ یہ بھارت کی کامیاب ڈپلومیسی ہے کہ اس نے عالمی اداروں کو اس تنظیم پر دباؤ ڈالنے اور اس کے قائد حافظ محمد سعید کو نظر بند کرانے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ پاکستانی حکومت نے اس دباؤ کے سامنے اپنا موقف پیش کرنے کی رتی بھر جرأت نہیں کی۔ یہ الٹی گنگا کب تک بہتی رہے گی؟ بھارت میں تو عوام مودی کو کافی حد تک پہچان چکے ہیں۔ اگلے انتخابات کے متعلق تجزیہ نگاروں کے اندازے یہی ہیں کہ مودی اور بی جے پی کے بڑھتے ہوئے قدم رک جائیں گے اور ممکن ہے کہ وہ مرکز میں حکومت سے محروم کردیئے جائیں۔ پاکستانی حکمرانوں کو اب بھی یہ شبہ ہے کہ مودی اس خطے کا ٹھیکیدار ہے۔ آخر کیوں ؟

کیا ہم بھارت کے مساوی حیثیت نہیں رکھتے ۔ بھارت اگر ایٹمی قوت ہے تو پاکستان بھی اس منصب پر فائز ہے۔ ہماری مسلح افواج بھارت کی افواج کے مقابلے میں کسی لحاظ سے کم تر نہیں ہیں۔ ہم جنگ کے حق میں نہیں، مگر جو قوت ہمارے وجود کو مٹانے اور ہماری سا لمیت کے خاتمے پر تلی ہو ئی ہو، اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہ کرنا کہاں کی مردانگی ہے۔ بنیا لاتوں کا بھوت ہے، باتوں سے کب مانتا ہے۔ جو اسے سبق سکھائے، اس کے چرنو ں میں گر جاتا ہے اور جو اس کے سامنے دب جائے، اسے صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے کمر بستہ ہوجاتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم یک سو ہے۔ حکومت کو ملکی مفاد میں تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ملک میں موجود دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے ساتھ بیرونی ہاتھ کو بھی کاٹ پھینکنا ہو گا، ورنہ ہم سب کا خون بہتا رہے گا۔ مال روڈ پر بہنے والا خون، میرا اور آپ کا ہے۔ ہمیں اسے لاوارث نہیں چھوڑنا چاہیے:

چمن میں تلخ نوائی مری گوارا کر
کہ زہر بھی کبھی کرتا ہے کارِ تریاقی!

حافظ محمد ادریس

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments